جہانِ کہنہ
کے کند خنجر
سے کٹنے والے
غریب لوگو
تم اپنی
ہڈیوں کا
عرق دے کر
نظامِ زر کو
سنوارتے ہو
لہو پسینے
سے عہدِ حاضر
کا زرد چہرہ نکھارتے ہو
سِتم ہے پھر بھی
ضعیف و مردار زندگی تم
گزارتے ہو
یہ اہلِ دانش
جو کہہ رہے ہیں
کہ ہے مقدر یہی تمہارا
نفع تو لونڈی ہے
کچھ گھروں کی
تمہارے حصے میں بس خسارا
اِنہیں بتا دو کہ انقلابِ عظیم
ابھرا تھا اس زمیں پر
وہی ستارادمک رہا ہے
ہماری تاریخ کی جبیں پر
کہ چشمِ افلاک
نے بغاوت کا
ایک ایسا بھی طور دیکھا
ضعیف و مردار خستہ ڈھانچوں نے
حکمرانی کا دور دیکھا
وہ انقلابِ عظیم پھر سے پکارتا
ہے مزاج بدلو۔۔
کہ کل بھی بدلا تھا تم نے مل کر
اُسی طرح سے یہ آج بدلو۔۔
غلام رہنے کی ریت بدلو
اداسیوں کا رواج بدلو
یہ وحشتوں کا، یہ نفرتوں کا
یہ ظلمتوں کا سماج بدلو۔۔۔